• لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد بالکل بجھے بجھے لگنا شروع ہوگئے ہیں، انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنی بیٹنگ اور کپتانی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد قومی ٹیم کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوگیا ہے اور حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ سرفراز احمد کو مایوس نہیں ہونا چاہیے وہ ٹیم کی پرفارمنس اور مسلسل شکستوں کی وجہ سے بالکل بجھے بجھے لگنا شروع ہوگئے ہیں لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ جب تک ہاریں گے نہیں تو سیکھیں گے کیسے!۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اپنی بیٹنگ اور کپتانی پر توجہ دیں کیونکہ کپتان ہمیشہ نہیں جیتتا بلکہ ہارتا بھی ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کا ٹور ہمارے پاس بہترین موقع تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد اپنا اچھا تاثر قائم کرتے لیکن اس میں ہم بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ ٹیم یہ بات ذہن میں رکھے کہ گرنا نہیں ہے بلکہ گر کر سنبھلنا ہے۔