اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پا کستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ملک کے دفاعی اور سکیورٹی کے معاملات پر صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے صدر مملکت کو بتایا کہ ہماری مسلح افواج دفاع و طن کے لیے پوری طرح چوکس ہیں اور وہ اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے ملکی دفاع کے سلسلے میں مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔صدر مملکت اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے درمیان ملاقات کے موقع پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے معاملات بھی زیر غورآئے۔