اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے کرم ایجنسی کے علاقے میں ڈرون حملے کی تردید کردی اور ترجمان امریکی سفارتخانے نے کہاہے کہ کرم ایجنسی میں امریکی حملے سے متعلق خبردرست نہیں۔ یادرہے کہ اس حملے پر پاکستان بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کراچکا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے کہاہے کہ حملے سے متعلق پاکستانی وزارت خارجہ کا گزشتہ روز کا بیان حقائق کے منافی ہے ، افغان مہاجرکیمپ پر امریکی حملے سے متعلق خبردرست نہیں۔یادرہے کہ دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ یہ ڈرون حملہ ایک افغان مہاجر کیمپ پر کیا گیا تھا اور پاکستان ہمیشہ اس بات پر زور دیتا رہا ہے امریکا ہمارے ساتھ انٹیلی جنس معلومات شیئر کرے، ہم اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کیخلاف خود ایکشن لیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہمیشہ افغان مہاجرین کی جلد از جلد وطن واپسی پر بھی زور دیتا رہا ہے کیونکہ دہشتگردوں کو ان کے درمیان گھل مل جانے میں آسانی ہوتی ہے تاہم یکطرفہ کارروائی دہشتگردی کے خلاف جاری دونوں ملکوں کی لڑائی اور اس کی روح کیخلاف ہے۔