چولستان کو پورے پاکستان کے لئے فوڈ باسکٹ بنا دیں گے:شہباز شریف

0
191


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے صوبے کے تمام علاقوں میں علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مزید 50موبائل ہیلتھ یونٹ فراہم کئے جائینگے اور بڑے شہروں با لخصوص لاہور میں مقیم سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی دوردراز دیہی علاقوں میں آمد ورفت کیلئے ہیلی کاپٹر سروس متعارف کرائی جائیگی، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر مالی معاونت سے پنجاب بھر میں مزید عوامی فلاحی منصوبے مکمل کرینگے ،چولستان کے صحرا کو سرسبز وشاداب وادی میں بدل دینگے ،500ملین ڈالر کے ترقیاتی فنڈزسے صوبہ میں آبپاشی اور توانائی کے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔کنٹری ڈائریکٹر پاکستان پریذیڈنٹ ڑی ہونگ یانگ کی قیادت میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے 5رکنی اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاگریٹر تھل کینال اور گریٹر چولستان کینال کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے چولستان اوردیگر علاقوں میں ہزاروں ایکڑ اراضی کو کاشتکاری کے قابل بنایا جاسکے گا،ایئر پورٹ اور دیگر جدید سہولتوں کی فراہمی سے چولستان کا خلیجی ریاستوں سے مواصلاتی رابطہ بہتر ہوگا، چولستان کے درمیان میں نہر اورسیلابی پانی کو محفوظ کرنے کیلئے آبی ذخائر بنائے جائینگے۔ چولستان پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے فوڈ باسکٹ بنے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا حکومت پنجاب شرح خواندگی میں اضافے کیلئے سرکاری سکولوں میں طالبات کو ہزار روپے سکالر شپ دے رہی ہے اسی طرح پیف کے ذریعے مستحق مگر ہونہار طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کیلئے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا صوبہ میں زرعی پیداوار میں اضافے اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کاشتکاروں کو خصوصی ایپ سے مزین موبائل فون بھی فراہم کئے جا رہے ہیں،اسی طرح ہنر مند نوجوانوں کو اپنے پا?ں پر کھڑا کرنے کیلئے بلاسود چھوٹے قرضوں کی سہولت کا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا مجھے پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام بھی اتنے ہی عزیز ہیں جتنے پنجاب کے لوگ ہوسکتے ہیں ،خیبر پختونخوا کی حکومت پشاور میں میٹروبس سروس کیلئے ہماری فنی تعاون کی پیشکش بروقت قبول کر لیتی تو آج یہ منصوبہ مکمل ہو کر عوام کو سہولت فراہم کررہا ہوتا ،لیکن افسوس ایسا نہیں کیا گیا،ہم پاکستان بھر کے تمام شہروں میں میٹروبس سروس کے آغاز کیلئے ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں،دیگر صوبے ہمارے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی پاکستان میں مقیم کنٹری ڈائریکٹر ڑی ہونگ یانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ شہبازشریف کا ترقیاتی وڑن قابل تحسین اور دوسروں کیلئے مثالی سمجھا جاتاہے۔ڑی ہونگ یانگ نے کہا پنجاب سپیڈ کی شہرت پاکستان سے نکل کر دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پرراکٹ حملے کی شدید مذمت کی۔