باجوہ ڈاکٹرائن امریکی دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے،ٹرمپ نے جنرل باجوہ کو مشرف سمجھ کر غلطی کی،برطانوی تھنک ٹینک کا اعتراف

0
245


لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی تھنک ٹینک نے انکشاف کیا ہے کہ ”باجوہ ڈاکٹرائن “امریکی دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل باجوہ کو مشرف تصور کر کے غلطی کی۔ برطانیہ کے معروف تھنک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ جنرل باجوہ کی زیر کمان پاک فوج امریکی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور جنرل پرویز مشرف کے دور کے مقابلے میں زیادہ پ±ر اعتماد ہے۔برطانوی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق باجوہ ڈاکٹرائن میں واضح کردیا گیا ہے کہ اب پاک فوج کو نہیں بلکہ دنیا کو مزید اقدامات کرنا ہیں، دہشت گردی کے خلاف مسلسل مہمات اور مشرقی سرحد کے حالات نے فوج کو پہلے سے زیادہ سخت جان بنا دیا ہے۔رائل یونائیٹڈ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق روس، چین، ترکی اور ایران پاکستان کے دفاع کے لیے سامنے آ چکے ہیں اور امریکا اسلام آباد پر اپنی گرفت کھو چکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی انتظامیہ نے جنرل باجوہ کو پرویز مشرف سمجھ کر غلطی کی ہے جو امریکی دھمکی پر ڈھیر ہو گئے تھے، جبکہ جنرل باجوہ نے امریکا کی تمام دھمکیوں اور درخواستوں کا ڈٹ کر جواب دیا ہے اور یہ واضح کردیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مزید اقدامات کرنے کا وقت اب ختم ہو چکا ہے۔