راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 7 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشت گرد معصوم شہریوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاک فوج پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد 85 افراد کے قتل اور 109 افراد کو زخمی کرنے میں ملوث رہے، ان کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا جبکہ ان کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا گیا۔دہشت گردوں میں اطلس خان، محمد یوسف خان، فرحان، کالے خان، نذر مون، نیک مائیل خان اور اکبر علی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔