سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ دنوں ایک نوجوان کو جعلی مقابلے کے دوران شہید کیا گیا جبکہ اس کا گھرجلا دیا گیا مگر کشمیریوں نے اس نوجوان کے اہل خانہ کے لئے شاندار کام کرکے ساری قوم کے دل جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں بھارتی فوج نے ایک گھر پر اچانک دھاوا بول دیا ا ور جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی ، اس گھر میں سمیر وانی نامی نوجوان موجود تھا۔ بھارتی فوج کی مسلسل فائرنگ کے باعث نوجوان شہید ہوگیا جبکہ گھر بھی راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ اس دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے شہید کی نماز جنازہ ادا کی جبکہ گھر کی دوبارہ تعمیر کے لئے جوق در جوق مالی امداد بھی کی۔ شہریوں کی جانب سے چند گھنٹوں ہی میں مکان کی تعمیر کے لئے پیسے جمع کرلیے گئے جبکہ مالک مکان نے اپنے گھر کی تعمیر کا آغاز بھی کردیا ہے۔