ڈیووس (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ممتاز کاروباری گروپ”ویون “کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جین یس چارلیئر نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں ویون گروپ کی سرمایہ کاری، کارکردگی اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی سرگرمیوں، قدرتی آفات کے دوران امدادی کاروائیوں کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی ممتاز کمپنی ”جاز“ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جین یس چارلیئرنے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے ویون(جاز) کی جانب سے افرادی قوت کی تربیت میں گروپ کی سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے متعدد پاکستانیوںکو ترقی پسند ماحول میں کام کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔جین یس چارلیئرن نے پاکستان میں ویون کی سرگرمیوں میں سہولت پیدا کرنے پر حکومت کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے پاکستان کی کامیاب مہم کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کا گروپ موجودہ حکومت کے ڈیجیٹل ویژن کی حمایت کرتا ہے اور جدت کی حامل حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ یاد رہے کہ ویون (جاز) پاکستان میں ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور اس نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔وزیر اعظم پاکستان اور ویون کے سی ای او کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیرمملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔